کراچی( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے، شدید گرمی کے موسم میں شہر بھر میں بدترین لوڈ شیڈنگ اور پانی بحران نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،عوام کا صبر جواب دے رہا ہے ، پانی و بجلی سے محروم عوام شہر میں جابجا احتجاج کر رہے ہیں اور حکمراں چین کی بانسری بجا رہے ہیں، جماعت اسلامی عوام کو ظالم حکمرانوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی، عوامی مزاحمت اور جدو جہد کے ذریعے ہی عوام کے مسائل حل ہوں گے اور حقوق حاصل کریں گے، بدھ 26 جون کو شارع فیصل پر دھرنا دیا جائے گا، حکومت نے رکاوٹ ڈالنے اور پرامن عوامی جدوجہد کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ دار حکومت اور انتظامیہ ہوگی۔ اہل کراچی نے بڑی تعداد میں الخدمت کو قربانی کی کھالیں دے کر اعتماد کا اظہار کیا ہے،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت عید الاضحیٰ کے موقع پر مہم چرم قربانی میں حصہ لینے والے کارکنان کے اعزاز میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ استقبالیے سے امیر ضلع غربی مدثر حسین انصاری،جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے صدر مولانا مفتی عبد الوحید ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ شہر میں پانی اور بجلی کا بدترین بحران ہے اور اس کی براہ راست ذمہ دار سندھ کی حکومت اور حکمران پارٹیاں ہیں ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کو تباوہ برباد کیا ،پیپلز پارٹی 16سال سے سندھ پر مسلط ہے اس نے اس دوران شہریوں کے لیے پانی کی فراہمی کا کوئی بندو بست نہیں کیا ۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر K-4منصوبے کو التواء کا شکا ر کیا ، اس وقت صورتحال یہ ہے کہ شہریوں کو نلکوں کے ذریعے پانی میسر نہیں ہے ، نصف سے زائد آبادی ٹینکر خرید کر مہنگے داموں پانی استعمال کرنے پر مجبور ہے۔ پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے وتیرہ رہا ہے کہ اس کو وسائل پر قبضہ اور ڈاکا ڈالنا تو آتا ہے لیکن عوام کو ان کا جائز اور قانونی حق نہیں دیتی ۔ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا اور شہر پر قبضہ میئر مسلط کر دیا گیا اسی طرح عام انتخابات میں بھی فارم 47کے ذریعے مسترد شدہ پارٹیوںکو حکومت دے دی گئی ، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
مدثر حسین انصاری نے کہا کہ کارکنان نے عید قربان کے دوران مستحق افراد کے لیے کھالیں جمع کی ہیں اللہ تعالیٰ ان کی کوششوں کو قبول فرمائے۔ انہوں نے کھالوں میں گزشتہ سال کی نسبت 22 فیصد اضافے پر اہل ضلع غربی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا اعتماد امت مسلمہ کے حق میں ممد و معاون ہوگا۔ جماعت اسلامی عوامی اُمنگوں کی ترجمان ہے عوام کے مسائل اور حقوق کی جنگ ہر سطح پر لڑیں گے۔ مولانا عبد الوحید نے کہا کہ انتشار و افتراق کی سیاست دفن کرنا ہوگی، امت مشکلات میں ہے۔ غزہ کے مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں،مسلم حکمراں بے غیرتی کا نشان بنے ہوئے ہیں ایسے میں جماعت اسلامی اور الخدمت کی امدادی سرگرمیاں مشعل راہ ہیں، امت کو بیدار ہونا ہوگا اگر اب بھی ہم نے اپنی ذمے داری پوری نہ کی تو القدس کے بعد صیہونیوں کا اگلا ہدف حرمین الشریفین ہوگا، حماس کے مجاہدین امت مسلمہ کی جنگ لڑ رہے ان کی پشتیبانی ہر مسلمان پر فرض ہے۔