پیپلز بس سروس کا آغاز ،چھ بسیں نواب شاہ پہنچ گئیں


نواب شاہ (صباح نیوز)ضلع شہید بینظیرآباد میں پیپلز بس سروس کی سہولت فراہم کردی گئی اس سلسلے میں 6 بسیں نواب شاہ پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد شہریار گل میمن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلع صدر علی اکبر جمالی نے بسوں کو وصول کیا

اس موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر شہریار گل میمن نے کہا کہ شہید بینظیرآباد ضلع میں پبلک ٹرانسپورٹ کا آغاز پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کا عوام کے لیے تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی کھیپ میں 6 بسیں پہنچی ہیں جلد ہی مزید بسیں پہنچنے پر ایک تقریب کے ذریعے پیپلز بس سروسز کا افتتاح کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ روٹ کا تعین عوام کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔ اس موقع پر ضلعی صدر علی اکبر جمالی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا پاکستان پیپلز پارٹی کا ویژن ہے، یقینا یہاں پر زیادہ بسوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوڑ باندہی، سکرنڈ اور دیگر علاقوں کے لئے مرحلہ  وار ٹرانسپورٹ شروع کی جائے گی اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما اور ضلع افسران بھی موجود تھے۔