وزیر اعظم شہباز شریف کا قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ، عید الاضحی کی مبارکباد دی، نیک خواہشات کا اظہار


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحی کے پرمسرت موقع پر قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے انہیں عید کی مبارکباد دی۔

وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے  جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے امیر، حکومت قطر اور قطر کے برادر عوام کو تہہ دل سے عید الاضحی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں رہنماوں نے عید الاضحی کے تہوار جو کہ قربانی، ہمدردی اور اتحاد کی علامت ہے کی اہمیت پر بات چیت کی۔ دونوں رہنماوں نے فلسطین کے بہادر اور مظلوم عوام کی حالت زار پر بھی تبادلہ خیال کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطین کے حوالے سے امن کی بحالی کی کوششوں کو بڑھائے اور خطے میں تشدد اور خونریزی کا فوری خاتمہ یقینی بنائے۔

وزیراعظم اور امیر قطر نے پاکستان اور قطر کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کا اعادہ کیا۔ پاکستان اور قطر کے درمیان تعلقات مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ دونوں رہنماں نے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور محنت کے شعبوں میں پاکستان کے لئے قطر کی حمایت اور تعاون کو سراہا۔ دونوں رہنماں نے خطے اور عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت قبول کرنے پر امیر قطر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے دورہ پاکستان کی تاریخیں جلد طے کرلی جائیں گی۔