ناکافی انتظامات کے باعث پاکستانی حجاج کرام کو سخت مشکلات کا سامنا


مکہ مکرمہ(صباح نیوز)منی میں آگ برساتا سورج،بڑی تعدادمیں پاکستانی حجاج کرام کھلے آسمان تلے شعائر حج ادا کرنے پر مجبور ۔درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ہے جب کہ خیموں میں20 لوگوں کی جگہ پر 40 سے 50 لوگوں کو ٹھونسا گیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق منی مکہ مکرمہ میں جمعہ سے حج کے مناسک کا آغازہوگیا ہے ۔ناکافی انتظامات کے باعث پاکستانی حجاج کرام کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ان کے لیے مناسک کا آغاز کسی آزمائش سے کم نہیں ۔بعض پاکستانی عازمین حج کے مطابق منی میں رہائش کے لیے خیموں کے ناکافی انتظامات کئے گئے ہیں بڑی تعداد میں حجاج بے سرو سامانی کے عالم میں کھلے آسمان تلے انتہائی کسمپرسی کے عالم میں ہیں۔ان میں بہت بڑی تعداد خواتین حجاج کی بھی ہے۔ پاکستانی حجاج نے سوال کیا ہے کہ متذکرہ لاپرواہی کاذمہ دار کون ہے؟ حکومت پاکستان یا وہ مکتب جن کی خدماتِ حکومت پاکستان نے حاصل کی تھی ۔

پاکستانی عازمین حج نے مزید بتایا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کے حجاج میں پاکستانی حجاج کی حالت انتہائی نا گفتہ بہ ہے۔ جن حجاج کرام کو کسی سسٹم سے نہیں بلکہ پہلے آئیے پہلے پا ئیے کی بنیاد پر خیموں میں جگہ ملی بھی ہے وہ بھی انتہائی کم ہے ۔20 لوگوں کی جگہ پر 40 سے پچاس لوگوں کو ٹھونسا گیا ہے۔ حکومت پاکستان اس کے ذمہ داران کا فوری تعین کرے اور بے سروسامان پڑے حجاج کرام کی دادرسی کا انتظام کرے۔نیز کھانے اور رہائشی انتظامات بھی انتہائی ناقص ہیں۔