وفاقی وزیرداخلہ بجٹ پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے متحرک


اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی وفاقی بجٹ پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے طویل ملاقات کرکے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی،

وزیرداخلہ محسن نقوی نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں بلاول بھٹو سے ملاقات کی جو ایک گھنٹہ جاری رہی۔ذرائع کے مطابق ملاقات کا ایجنڈا صرف پیپلز پارٹی کی ناراضی دور کرنا تھا۔ وزیرداخلہ نے پیپلزپارٹی کے تحفظات سنے،بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی کیساتھ تحریری معاہدے کی پاسداری نہیں کی۔حکومت نے بجٹ کے حوالے سے کسی قسم کی مشاورت نہیں کی،اہم حکومتی اتحادی ہونے کے باوجود بجٹ کے لیے پیپلزپارٹی سے تجاویز نہیں لی گئیں۔ بجٹ اجلاس سے بائیکاٹ تب ہی ختم ہو گا جب ن لیگ معاہدوں کی پاسداری کرے۔

وزیرداخلہ نے تحفظات دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس سے پہلے محسن نقوی نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے بھی ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمن کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن سیان کا پچیس سالہ پرانا تعلق اور عزت و احترام والا رشتہ ہے۔