منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی کو فروغ دینا اہم ہے سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ   سید یوسف رضا گیلانی نے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کی لعنت کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ عالمی صحت عامہ،تحفظ، پائیدار ترقی کو نقصان پہنچانے والے ان مسائل کے خلاف متحد ہیں۔ منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ  آگاہی کے فروغ، منشیات کے استعمال کی روک تھام میں کوششیں قابل تعریف ہیں۔ منشیات کے استعمال کی بنیادی وجوہات کو سمجھنا، روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی کو فروغ دینا اہم ہے۔یہ دن ہمیں اپنی کمیونٹیز اور آنے والی نسلوں کو منشیات کے تباہ کن نتائج سے بچانے کی مشترکہ ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔ہمیں ایک ایسے مستقبل کے لیے اجتماعی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے جہاں ہر شخص منشیات سے پاک ماحول میں رہ سکے۔