بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ سمری منظور


اسلا م آباد(صباح نیوز)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بجلی کی تقسیم کارکمپنیوں کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ کی سمری منظور کر لی۔ وزیراقتصادی امور عمرایوب کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ای سی سی نے15 نکات میں سے 11 نکات کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی نے مضرصحت میٹھے مشروبات اور تمباکو پرٹیکس لگا نے کی سمری موخر کر دی ہے جب کہ کھادکے کارخانوں کیلئے لیٹ پیمنٹ سرچارج کی سمری منظور کر لی ہے۔پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن کیلئے تکنیکی اور پاورڈویژن کے اخراجات کیلئے3کروڑکی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کی گئی ہے۔

گندم کی درآمدسے متعلق چھٹا ٹینڈر کھولنے کی منظوری موخر کر دی گئی ہے البتہ افغانستان کوگندم کی فراہمی کی سمری منظور کی گئی ہے۔ ورلڈفوڈپروگرام کی اسٹریٹیجی کے تحت گندم افغانستان کو برآمد ہو گی۔

پاک فضائیہ کے اہلکاروں کیلئے سیکیورٹی ڈیوٹی الاونس کی سمری منظور ہوئی ہے، کے پی کے تیل وگیس نکالنے والے اضلاع میں گیس نیٹ ورک بحالی کی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں اسٹریٹیجک اسٹیٹ پالیسی فریم ورک کی منظوری دیدی گئی اور احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے دوسرے مرحلے کی سمری موخر کی گئی۔