حرم فورم ٹرسٹ کی مرکزی نگراں حمیرا جبین کا روبینہ سعید کی وفات پر اظہار افسوس


راولپنڈی(صباح نیوز)حرم فورم ٹرسٹ کی مرکزی نگراں حمیرا جبین نے نائب نگراں حرم فورم روبینہ سعید کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔

حمیرا جبین نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ حرم فورم اپنے ایک انتہائی مخلص ساتھی سے محروم ہوگیا ہے۔ روبینہ سعید گز شتہ دو عشروں سے عازمین حج و عمرہ کی تربیت کی خدمات انجام دے رہی تھیں ۔ اللہ تعالی ان کی تمام سعی و جہد کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔

انہوں نے مرحومہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ روبینہ سعید دعوتہ اکیڈمی اسلام آباد کی سند یافتہ حج ماسٹر ٹرینر تھیں۔ انہوں نے کراچی حاجی کیمپ اور بے شمار دیگر مقامات کے علاوہ مکہ و مدینہ میں بھی عازمین حج کی تربیت کا فریضہ بحسن و خوبی انجام دیا ۔

نگراں حرم فورم حمیرا جبیں اور نائبین ثوبیہ کاشف، فہمیدہ گل اور خیرالوریٰ نے مرحومہ کے گھر جا کر تعزیت کی اور ان کی مغفرت،بلندئی درجات اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔