اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ وزیرخارجہ نے ملک کا تشخص خراب کیا ہے ، شاہ محمود دلاور خان گروپ کا ترجمان بنا تھا ، کہا تھا کہ وہ ایوان میں پالیسی بیان دینا چاہتے ہیں۔
سینیٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیرخارجہ بغیر کسی وجہ کے اتنا گر گیا،توقع نہیں کرتا کہ وزیر خارجہ اس قدر گریں گے،یہ سینیٹ کی توہین ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے شاہ محمود قریشی کو بات کرنے کا موقع دیا،یہ تھا وزیر خارجہ کا پالیسی بیان، اللہ انہیں صبر دے۔ انہوںنے کہاکہ جب میں سپیکر تھا، شاہ محمود میرا پارلیمانی امور کا پارلیمانی سیکرٹری تھا،بی بی نے کہا کہ شاہ محمود کو آپکا پارلیمانی سیکرٹری اس لئے بنایا کہ آپ سے سیکھ سکیں۔اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ ملتان میں ٹف ٹائم تو نہیں دیا ،جواب میں گیلانی نے کہاکہ یہ میں اپنے بچوں سے پوچھوں گا۔
اس سے قبل سینیٹ اجلاس میں سینیٹر یوسف رضاگیلانی نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اس معاملے پر بات ہو گئی تھی، پبلک نے دونوں طرف کی باتیں سن لیں وہ فیصلہ کر لے گی۔ انہوںنے کہا کہ جتنے بھی ضمنی الیکشن ہوئے ہیں پی ڈی ایم جیتی ہے، سینیٹ الیکشن میں مشترکہ اپوزیشن پی ڈی ایم جیتی ہے، ابھی بلدیاتی انتخابات بھی آئے ہیں، سب کی کارکردگی کاپتہ چل جائے گا۔