اسلا م آباد(صباح نیوز)ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے انڈیا کی شارجہ سرینگر پروازیں ناقابل قبول ہیں، حالات کی سنگینی سے متعلق دنیا کو گمراہ کرنے میں بھارت کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔
امریکا کو فوجی اڈہ نہیں دیا اور نہ ہی کوئی تجویز زیر غور ہے ،اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت اور قابض فوج کے نئے ہتھکنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف اکتوبر میں 22 کشمیری شہید کردیئے گئے۔عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ ہم نے شدید تحفظات کے ساتھ ان رپورٹس کا بھی نوٹس لیا ہے کہ بھارتی قابض افواج غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں نام نہاد نئی تحقیقاتی ایجنسی بنا رہی ہیں جو کشمیریوں کو مزید دہشت زدہ کرنے کیلئے جبر کا ایک اور ہتھیار ہوسکتا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے پابندیاں لگانے والی یو این کمیٹی پر بھارت میں دہشتگرد تنظیموں کا حقیقی جائزہ لینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بھارت میں غیر محفوظ اقلیتوں کے حوالے سے عالمی برادری سے نوٹس لے۔
عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ اسلامو فوبیا کی بڑھتی لہر اور اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کیخلاف انڈیا میں حملے روکنے کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے ۔
ترجمان نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے چیئرمین اتھارٹی کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا، جن حالات میں امریکہ سے گراونڈ اینڈ ائیر لائنز آف کمیونیکشن معاہدہ کیا گیا تھا اب وہ بدل چکے۔ترجمان نے امریکی افواج کو ملک میں فوجی اڈہ دینے یا مستقبل میں ایسے کسی ارادے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں امریکی فوج کا کوئی فضائی اڈہ نہیں ہے اور نہ ہی ایسی کوئی تجویز زیر غور ہے، اس بارے کوئی بھی قیاس آرائی بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ فعل ہے جس سے گریز کیا جانا چاہیے۔
ترجمان نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ایئر لائنز آف کمیونی کیشن اور گراونڈ لائنز آف کمیونی کیشن کے حوالے سے سال 2001 سے تعاون کا فریم ورک موجود ہے لیکن اس سلسلے میں کوئی نیا معاہدہ نہیں کیا گیا۔