اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ(ن) لیگ کو ججز اور عدالتوں کا گھیراؤ نہیں کرنے دینگے،تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹ چیک ہونے چاہئیں، پیپلز پارٹی نے 35 کروڑ کا ریکارڈ نہیں دیا۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کا بیان عدلیہ پر حملہ ہے۔ ن لیگ نے رانا ثنا اللہ کے بیان کی تردید تک نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ بڑھکیں کہیں اور جاکر ماریں لیکن عدالت میں جواب دیں ، ہم( ن) لیگ کو ججز اور عدالتوں کا گھیرائو نہیں کرنے دیں گے ۔ شہباز شریف اور مریم صفدر رانا ثنا اللہ کے بیان کی تردید کریں اور معافی مانگیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹ چیک ہونے چاہئیں ، 64 کروڑ کا حساب ن لیگ کے پاس نہیں ، (ن) لیگ کے 9 اکائونٹس خفیہ تھے جو چھپائے گئے، پیپلز پارٹی نے 35 کروڑ کا ریکارڈ نہیں دیا۔سکروٹنی کمیٹی کے ممبر کی ریٹائرمنٹ کے بعد سکروٹنی کمیٹی غیر فعال ہوچکی ہے ۔
الیکشن کمیشن سے درخواست ہے سکروٹنی کمیٹی کو دوبارہ فعال کیا جائے ۔ سکروٹنی کمیٹی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی رپورٹ بھی جلد مرتب کرے۔