سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے تاحیات نااہلی کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی


اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے تاحیات نااہلی کے خلاف آئینی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کر دی

تاحیات نااہلی کے خلاف آئینی درخواست سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے واپس کرتے ہوئے کہاکہ درخواست سے متعلق سپریم کورٹ کا5رکنی لارجر بینچ فیصلہ دے چکا ہے۔

رجسٹرار آفس نے کہا کہ درخواست گزار انفرادی شکایت لے کر آیا جو 184/3کے دائرہ کار میں نہیں آتی،اعتراض184/3کے اختیار سماعت سے متعلق اٹھائے گئے نقاط اطمینان بخش نہیں۔

سپریم کورٹ نے پاناماکیس میں نوازشریف کیس میں تاحیات نااہلی کے قانون کی تشریح کی تھی ، سپریم کورٹ نے 2018 میں قراردیاتھا کہ آرٹیکل 62 شق 1 ایف کے تحت نااہلی تاحیات ہوتی ہے۔سپریم کورٹ بار نے رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے خلاف اپیل کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ تاحیات نااہلی ختم کرنے کے معاملے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے درخواست دائر کی تھی جس کے متن میں وفاق کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست کے مطابق تاحیات نااہلی کے اصول کا اطلاق صرف انتخابی تنازعات میں استعمال کیا جائے، درخواست کے متن میں آرٹیکل 184اور آرٹیکل 99 کی تشریح کا بھی مطالبہ کیا گیا۔درخواست میں دوسرے پٹیشنر صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون ہیں۔