الخدمت کے تحت بیسک لائف سپورٹ کے عنوان سے تربیتی مہم کا آغاز

 کراچی(صباح نیوز)الخدمت کراچی کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ  کے تحت اور ریسکیو 1122کے تعاون سے ممکنہ ہنگامی صورتحا ل میں فوری مدد سے متعلق اسکولوں کے طلبہ کے لیے  بیسک لائف سپورٹ (BLS)کے عنوان سے منفرد تربیتی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں دار ارقم اسکول اورنگی برانچز میں ٹریننگ کا اہتمام کیا گیا،جس میں اسکولزکے بچوں کو ایمرجنسی کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہی فراہم کی گئی۔تربیتی پروگرام میں 1122 کے ذمہ داران اور ٹرینرز بھی موجود تھے ۔بچوں تربیتی پروگرام میں بھرپور دلچسپی لی ۔اس موقع پر ڈائریکٹرالخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ قاضی سید صدرالدین نے کہا ہے کہ الخدمت کی  بیسک لائف سپورٹ  تربیتی مہم کا مقصد طلبہ وطالبات کو شعور و آگہی کے ساتھ ساتھ انہیں تربیت فراہم کرناہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ الخدمت کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا بڑااور منفرد تربیتی پروگرام ہے، جس کے ذریعے شہر قائد کے اسکولوں کے طلبہ وطالبات کو تربیت دی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ طلبہ وطالبات میں ہنگامی حالات سے بچاو  کیلئے شعور وآگہی کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ تربیتی ورکشاپس کے ذریعے طلبہ کو یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ ممکنہ ہنگامی صورت حال میں متاثرہ فرد کو ابتدائی طبی امداد کیسے دی جائے اورہنگامی حالات میں اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو بچانے کیلئے کیا تدابیراختیار کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پربیتی پروگرام میں شریک بچوں کو اسناد بھی دی جائیں گی ۔