محمد حسین محنتی کی برنس وارڈ میں پریٹ آباد واقعے کے زخمیوں کی عیادت ورثاء سے ملاقات

 کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ  و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے پریٹ آباد حیدرآباد کے سانحہ کو حکومتی نااہلی اور کرپشن کا منہ بولتا ثبوت قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ذمے داران کے خلاف کاروائی، رہائشی علاقوں سے سلنڈر  دکانوں کو منتقل و پابندی لگائی جائے۔سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے،سندھ بھر کے تمام بڑے شہروں میں برنس وارڈ سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ سندھ کے دوسرے بڑے شہر میں ضروری سہولیات کا فقدان و عوام کی حالت زار پیپلزپارٹی کی سندھ میں  16 سالوں سے قائم حکومت کی کارکردگی کا آئینہ ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ذمے داران کی ہمراہ سول ہسپتال کراچی کے برنس وارڈ میں زیر علاج حیدرآباد سلنڈر پھٹنے کے واقعے میں زخمیوں کی عیادت ورثاء سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت نے صحت کے شعبہ میں ابتک 1900ارب خرچ کرڈالے مگر اس کے باوجود سندھ میں کسی بھی ہسپتال میں بنیادی و ضروری سہولیات کا فقدان اور ضروری اسٹاف سے محروم ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس علاقے میں فائر بریگیڈ کا عملہ بھی وقت پر نہیں پہنچا، ایمبولینس بھی دیر سے پہنچنے کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا یہ حال سندھ کے دوسرے بڑے شہر کا ہے تو پھر باقی ماندہ شہروں کی کیا  صورتحال ہوگی۔

حکومت نے زخمیوں کے لیے 5 لاکھ اور  جاں بحق ہونے والوں  کے لواحقین کو دس لاکھ دینے کا اعلان تو کیا ہے،صرف اس طرح امداد دینے سے اس مسئلے کا حل نہیں ہوگا نہ ان کے دکھوں کا مداوا ہوگا، واقعہ میں 18 افراد کا جانبحق ہوجانا انتہائی سنگین اور افسوس ناک سانحہ ہے۔ صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا،صدر پبلک ایڈ کمیٹی سندھ سید صبغت اللہ، امیرِ زون گارڈن سید ذیشان احمد، صدر پبلک ایڈ کمیٹی گارڈن عمر فاروق، فضل الرحمان بھی ساتھ موجود تھے۔ صوبائی نے برنس وارڈ میں ڈاکٹرز و دیگر عملہ سے زخمیوں کے علاج و معالجہ کی تفصیلات معلوم اور جماعت اسلامی کے جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش بھی کی۔