کراچی (صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے تحت یکم فروری سے ہفتہ یکجہتی کشمیر جبکہ 5 فروری کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بنایا جائے گا، صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہدچناکے مطابق 5فروری کو کراچی، حیدرآبا، سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد،تھرپارکر،نواب شاہ،میرپورخاص،گھوٹکی سمیت سندھ بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔،
ہفتہ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں آج یکم فروری سے کشمیرپرہونے والے مظالم پرتصویری نمائش،کیمپ اورسیمینار منعقد کئے جائیں گے۔ جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی صوبائی ومقامی رہنماوں کے علاوہ دیگر سیاسی، سماجی جماعتوں کے قائدین بھی خطاب کرینگے۔ آج یکم فروری کو جماعت اسلامی یوتھ کے تحت کندھکوٹ میں حراسکول گولیمار سے گھنٹہ گھرتک ضلعی صدرغلام مصطفیٰ میرانی کی قیادت میں یکجہتی کشمیر موٹرسائکل ریلی نکالی جائے گی،
صوبائی نائب امیرحافظ نصراللہ چنا ودیگر رہنما خطاب کریں گے۔جماعت اسلامی سندھ کے سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا نے کہاہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وبربریت کی انتہاکردی ہے۔مودی سرکار نے پانچ اکتوبر2019کو یک طرفہ کاروائی کرتے ہوئے کشمیرعوام کو بھارتی آئین میں ملی ہوئی خصوصی حیثیت شق نمبراے35-370ختم کردی جس کے بعدکشمیری عوام 900دنوں سے زاید عرصے سے بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے مقبوضہ وادی کواس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بدل دیا گیا ہے۔
عالمی ضمیر اورحقوق انسانی تنظیموں کے خاموش تماشائی کردارکی وجہ سے سواکروڑ کشمیرعوام بھارتی فوج کے کرفیومیں زندگی گذارنے پرمجبور ہیں کشمیرمیڈیارپورٹس کے مطابق اس وقت تک سوالاکھ کشمیریوں کو شہید کیاجاچکاہے۔ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج اپنے تمام ترمظالم وشرانگیزی کے باوجود وہ کشمیری عوام سے جدوجہد آزادی کا جذبہ اورشوق شہادت ختم نہیں کراسکی ہے۔اہلیان پاکستان کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ ان شاء اللہ وہ وقت دورنہیںکشمیری عوام کی جدوجہد اور شہداء کی قربانیوںکے نتیجے میں ایک دن وادی کشمیرپر آزادی کا سورج طلوع ہوکر رہے گا۔