ہماری اقتصادی سفارت کاری کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں،شاہ محمود قریشی


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری اقتصادی سفارت کاری کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں،حکومت کے اقتصادی ایجنڈے کی تکمیل اور معاشی اہداف کے حصول کیلئے وزارتِ خارجہ، سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے اور ممکنہ معاونت کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  چیرمین سرمایہ کاری بورڈ ،محمد اظفر احسن  سے گفتگو کررہے تھے.

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ نے وفاقی سرمایہ کاری بورڈ کا دورہ کیا ، چیرمین سرمایہ کاری بورڈ ،محمد اظفر احسن نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا اس موقع پروزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی  نے چیرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ محمد اظفر احسن سے ملاقات کی ، سیکرٹری بورڈ آف انوسٹمنٹ ، مس فارینہ مظہر،  ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل بی او آئی ، مکرم جاہ انصاری, ایڈیشنل سیکرٹری بی او آئی، خشی الرحمان، ڈایکٹر جنرل ثریا جمال اور وزارتِ خارجہ کے سینیئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے،وزیر خارجہ نے کہاکہ ہمارے سفرا، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں اقتصادی سفارت کاری کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ پاکستان میں کاروبار کے میسر مواقعوں کی طرف مبذول کروا رہے ہیں،ہماری اقتصادی سفارت کاری کے مثبت اور حوصلہ افزا نتائج برآمد ہو رہے ہیں،

انہوں نے کہاکہ حکومت کے اقتصادی ایجنڈے کی تکمیل اور معاشی اہداف کے حصول کیلئے وزارتِ خارجہ، سرمایہ کاری بورڈ کے ساتھ مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے اور ممکنہ معاونت کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے،چیرمین سرمایہ کاری بورڈ، محمد اظفر احسن نے بی او آئی آمد اور وزارت خارجہ کی جانب سے تعاون کی فراہمی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔