اسلام آباد (صباح نیوز)قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی سے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کی حمایت پر آذربائیجان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا گیا ۔ملاقات میں پاکستان اور آذربائیجان کا معیشت، تجارت، توانائی، مواصلات اور عوامی روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔ اس موقع پر قائم مقام صدر نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین مشترکہ ثقافت اور مذہب پر مبنی گہرے تاریخی تعلقات ہیں،باکو میں ملتان سرائے دونوں برادر ممالک کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے باکو اور ملتان کو سسٹر سٹیز قرار دینا چاہیے ،دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری تعلقات بہتر بنانے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔صدر مملکت نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کی موجودہ سطح پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مختلف بین الاقوامی فورمز پر یکساں خیالات کے حامل ہیں۔دونوں ممالک کو مزید قریب لانے کیلئے تعلیمی اور پارلیمانی تبادلوں ، روابط بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عوامی روابط فروغ دینے کیلئے سیاحت، کاروبار اور تعلیم کے شعبوں میں تعلقات بڑھانا ہوں گے ۔
آذری وزیر خارجہ پاک نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تعاون انتہائی اہم ہے ،پاک-آذربائیجان تعاون کو معیشت، تجارت اور کاروبار کے شعبوں میں بڑھانا ہوگا،مواصلاتی اور عوامی روابط کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات مستحکم ہوں گے۔ ملاقات میں سید یوسف رضا گیلانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کی حمایت پر آذربائیجان کی حکومت کا شکریہ ادا کیا