غزہ(صباح نیوز)شمالی غزہ میں اسرائیلی حملے میں 34 افراد شہید ہوگئے ہیں۔ غزہ کے شمالی علاقے بیت لاہیہ میں پانچ منزلہ رہائشی بلاک پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 34 افراد شہید ہو گئے ہیں۔ مرنے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ درجنوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
فلسطینی وزارت صحت نے اپنی روزانہ کی اپ ڈیٹ میں کہا کہ متعدد زخمی اور شہدا اب بھی ملبے کے نیچے اور سڑکوں پر ہیں۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے عائد کردہ پابندیوں کی وجہ سے ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک نہیں پہنچ سکتا۔
وزارت صحت نے بتایا کہ سات اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی جاری جارحیت میں 43,846 فلسطینی شہید اور 103,740 زخمی ہوئے ہیں۔وزارت صحت نے غزہ کی جنگ میں شہید اور لاپتہ ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے اپیل کی کہ وہ رجسٹریشن کر کے شہدا اور زخمیوں کا ڈیٹا ڈیٹا مکمل کریں۔