گورنرخیبرپختونخوا کاجماعت اسلامی مرکز کادورہ ، امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان سے ملاقات

پشاور(صباح نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے  جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے دفتر المرکز الاسلامی کا دورہ پشاور کیا اور امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان سے ملاقات کی ،ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر گفتگو ہوئی،ملاقات میں صوبہ کو مالی بحران سے نکالنے کیلئے وفاق سے صوبائی حقوق پر بات کرنے، ملکر سفارشات تیار کرنے پر تبادلہ خیال ہوا ،

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے ضم اضلاع بالخصوص سابقہ پاٹا میں ٹیکس نظام میں رعایت کیلئے گورنر سے کردار ادا کرنیکی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، نان کسٹمز گاڑیوں و ٹیکسز کے فوری اطلاق پر سابقہ فاٹا اور پاٹا کے عوام کے تحفظات کو دور کرنا چاہیے، جماعت اسلامی کی صوبائی قیادت نے وفاق کے ذمہ صوبہ کے حقوق سے متعلق جامع اعداد و شمار گورنر ہاؤس میں مرتب کرنیکی تجویز دی ،

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ صوبہ کے حقوق کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقاتیں کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ وہ سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے صوبائی حقوق کا مضبوط مقدمہ وفاق کے سامنے پیش کرنا چاہتے ہیں، فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وہ پانی، بجلی، گیس سمیت دیگر شعبوں میں وفاق سے حقوق لینے کیلئے سیاسی جماعتوں کی مشترکہ مشاورت سے متعلقہ فورمز پر موثر آواز اٹھانے کے حق میں ہیں۔۔