پرویزمشرف کے خلاف کرپشن کی انکوائری نہ کرنے پرچیئرمین نیب کو نوٹس


اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف کرپشن کی انکوائری نہ کرنے پرچیئرمین نیب جاوید اقبال کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کردیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے نوٹس جاری کیا۔درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیئے کہ اس عدالت نے آرڈر پاس کیا تھا کہ پرویز مشرف کے خلاف نیب آرڈیننس کے تحت کارروائی ہو سکتی ہے۔پرویز مشرف کا ایک اکاؤنٹ 20 لاکھ ڈالرز کا تھا،عدالت نے حکم دیا تھا پرویز مشرف پبلک آفس ہولڈر رہے،نیب کارروائی کر سکتا ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا اس عدالت کا فیصلہ چیلنج ہوا ہے؟۔درخواست گزارکے وکیل نے بتایا کہ فیصلہ چیلنج نہیں ہوا اور وہ حتمی صورت اختیار کر گیا،الیکشن کمیشن ریکارڈ کے مطابق ان کے ایک اکاؤنٹ میں 20 لاکھ ڈالرہیں۔عدالت نے چیئرمین نیب جاوید اقبال کو نوٹس جاری کرتے ہوئے  14 فروری تک جواب طلب کرلیا۔