اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کونسل میں ایس آئی ایف سی صرف فوجی افسران کا نام نہیں، اس کی کارکردگی نے ناقدین کے منہ بند کردیے ہیں شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ترقی کے لیے کانٹوں سے گزرنا ہو گا، کوئی جادو ٹونا کام نہیں آئے گا، ایک روٹی چاروں بھائیوں نے مل بانٹ کر کھانی ہے، جب چار روٹیاں ہوں گی تو ہر ایک کے حصے میں ایک ایک آئے گی، کشکول توڑ دیا، دن رات محنت کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہو گا۔ صوبوں کے وزرائے اعلی، وفاقی وزرا اور کابینہ بھی شامل ہیں۔
ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے 10ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحق ڈار ، وفاقی وزرا، چاروں وزراء اعلی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور چیف سیکریٹریز سمیت دیگر اعلی حکام شریک ہوئے۔خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تجارتی اور معاشی تعاون کو اہمیت دے رہے ہیں، عسکری قیادت نے بھی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کردار ادا کیا، فوجی اور سول افسران ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق ملکرکام کررہے ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں سعودی عرب اور یو اے ای کے دورے کیے، دورہ متحدہ عرب امارات کارگر ثابت ہوا، فوجی اور سول افسران ایس آئی ایف سی سے متعلق ملکرکام کررہے ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ ایس آئی ایف سی کی افادیت بڑھتی جارہی ہے، ایس آئی ایف سی کی کارکردگی نے ناقدین کے منہ بند کردیے ہیں، ایس آئی ایف سی سرمایہ کاری سے متعلق بہترین کردار ادا کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ زرعی ملک کی پیداوار بڑھانے کے لیے محنت کرنا ہوگی، نوجوانوں کو آئی ٹی میں موقع فراہم کرناہماری ترجیح ہے، کھربوں روپے کے خزانے چھپے ہیں جنہیں استعمال میں لانا ہے، ریکوڈک منصوبے پر ایس آئی ایف سی نے شاندار کام کیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ ایس آئی ایف سی صرف افواج پاکستان کے افسران کا نام نہیں ہے، اس میں صوبوں کے وزرائے اعلی، وفاقی وزرا اور کابینہ بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای نے پاکستان میں10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا، سعودی عرب نے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی، ملکی ترقی اور خوشحالی کیلیے جو بھی کام کرے گا وہ ہمارے سروں کا تاج ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کے لیے معاہدہ ہوگیا ہے، پاکستانی قوم جری اور ہمت والی ہے۔شہباز شریف کا کہنا تھاکہ ترقی کے لیے کانٹوں سے گزرنا ہو گا، کوئی جادو ٹونا کام نہیں آئے گا، ایک روٹی چاروں بھائیوں نے مل بانٹ کر کھانی ہے، جب چار روٹیاں ہوں گی تو ہر ایک کے حصے میں ایک ایک آئے گی، کشکول توڑ دیا، دن رات محنت کر کے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہو گا۔اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں بتایا گیا تھا کہ اس میں عرب امارات کے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے متعلق بریفنگ دی جائے گی اور سیکیورٹی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے گزشتہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، معاشی چیلینجز سے نمٹنے کے لیے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔