چیف جسٹس گلزار احمد جیسے ججز نے اقلیتوں کو سہارادیا ،فواد چوہدری


اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس گلزار جیسے ججز نے اقلیتوں کو سہارا دیا ۔

ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا، اس سال سپریم کورٹ میں پانچ جج صاحبان ریٹائر ہو رہے ہیں پارلیمان کو نئے ججز کی تعیناتی کے لئے آئینی ترمیم پر غور کرنا چاہئے اگر پارلیمان سپریم کورٹ میں تعیناتیوں کو آزادانہ اور شفاف بناتی ہے تو یہ بہت بڑا کام ہو گا سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اس اہم ترمیم کیلئے سرجوڑیں۔۔

فواد چوہدری کا کہنا تا کہ موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کل ریٹائرہو رہے ہیں انھوں نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں کو لے کر جو تاریخی سٹینڈ لیا اس سے ان کی عزت و تکریم میں بہت اضافہ ہوا، ایسے وقت میں جب ہندوستان کی عدلیہ شدت پسندوں کے ہاتھوں بے بس نظر آتی ہے جسٹس گلزار جیسے ججز نے اقلیتوں کو سہارا دیا اور آزادانہ فیصلے دئیے

سینیٹ میں اپوزیشن کی شکست اور اسٹیٹ بینک بل منظور ہونے پر اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی کے استعفیٰ دینے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے ایک اور ٹوئٹر میں کہا ہے کہ استعفیٰ تو بلاول یا آصف زرداری کا بنتا ہے۔جن کے کہنے پر پیپلز پارٹی کے سینیٹرز تشریف نہیں لائے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی سینئر لیڈرشپ اپنی جماعتوں کی لیڈرشپ کے کرتوتوں سے پریشان بھی ہے اور شرمندہ بھی، بہرحال ان جماعتوں میں تبدیلیوں کا سفر خوش آئند ہے۔