ایمان جتنا راسخ ہوگا اطاعت اتنی ہی مکمل ہوگی، رخشندہ منیب

کراچی(صباح نیوز)ایمان جتنا راسخ ہوگا اطاعت اتنی ہی مکمل ہوگی،حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرح ہمیں  اللہ کی اطاعت پر یکسو ہونا ہے،جماعت اسلامی کی بنیاد  خالص للہیت ہے ،حج دراصل مکمل اطاعت کا  نام ہے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین صوبہ سندھ کی ناظمہ رخشندہ منیب نے ضلع ایئرپورٹ کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان کا معاشرے میں اہم مقام ہے،انہوں نے ہر جگہ اقامت دین کی جدوجہد کرنی ہے اس حوالے سے کارکنان جماعت کے لیے رول ماڈل ہے ،آپ نے ہر مقام پر دین کی اقامت اور اس کا تحفظ کرنا ہے۔ ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی طرح اللہ کی اطاعت پر یکسو ہونا ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے جان، مال اور اولاد تینوں طرح ازمایا مگر وہ ہر ازمائش میں پورے اترے ۔

رخشندہ منیب نے مزیدکہاکہ ایمان جتنا راسخ ہوگا اطاعت اتنی ہی مکمل ہوگی۔جماعت اسلامی کی بنیاد خالص للہیت پر ہے ،کارکنان کو اپنی قیادت پر یکسو ہونا ہے اور اللہ تعالی پر بھروسہ کرنا ہے۔اجتماع ارکان میں معتمدہ صوبہ سندھ عذرا جمیل، ناظمہ ضلع ایئرپورٹ ساجدہ تنویر نے اپنے رفقا کے ہمراہ شرکت کی۔