کراچی (صباح نیوز)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ کچے کے ڈاکوؤں سے لڑنے کیلئے سندھ حکومت ہتھیار خریدے گی، پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کے لیے وفاق کو خط لکھا ہے،منشیات کی روک تھام کے لئے آپریشن سنجیدگی سے چل رہا ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو انہوں نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔ سندھ میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے، لوگ زیادہ دھوپ اور گرمی میں گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں، محکمہ صحت کے تعاون سے مختلف جگہوں پر کیمپ قائم کئے جارہے ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، منشیات فروشی کے الزام میں متعدد لوگ گرفتار کئے ہیں،منشیات کے خلاف جہاد کوئی اکیلے نہیں کر سکتا، منشیات کی روک تھام کے لئے آپریشن سنجیدگی سے چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں بچوں کو منشیات کا عادی بنایا جارہا ہے جس کے لئے سکولوں میں بچوں کے رینڈم ٹیسٹ کررہے ہیں۔ جہاں ضرورت پڑرہی ہے معاونت کے لئے رینجرز موجود ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیسٹ سے حکومت کو منشیات فروشوں تک رسائی میں آسانی ہوگی۔ ایکسائز اور اے این ایف منشیات کی روک تھام کے لئے اقدامات کررہی ہیں، والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں، معاشرے کو منشیات کی زد میں نہیں آنے دیں گے۔
پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کیخلاف مقابلے جاری ہیں ،سندھ حکومت ایسے ہتھیار خریدنا چاہتی ہے جس سے کچے کے ڈاکوؤں سے لڑا جائے۔ پولیس کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کے لیے وفاق کو خط لکھا ہے، پولیس کو جدید ہتھیارچلانے کے لئے تربیت دی جائے گی۔