جہلم(صباح نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ یہ ملک بہت عظیم ہے اور اس ملک کی قیادت کیلئے بلاول اور مریم دونوں بہت بھولے ہیں لہذا یہ ملک ان کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں،
جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے،کسی بھی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دی جائیگی۔پاک افواج نے مادر وطن کے لیے جانوں کی قربانیاں دیں۔ بلوچستان میں تخریبی کارروائیوں کے پیچھے سازش ہے تاہم پاکستان کو توڑنے کی کوشش ناکام ہو گی اور ایک ایک خون کے قطرے کا حساب لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جب معیشت ملی تو دیوالیہ حالت میں تھی مگر ہم نے گری ہوئی معیشت کواپنایا اور مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھی، آج پاکستان میں 929 بڑی کمپنیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے اور ہم نے معیشت کو بہتر کیا جبکہ نواز شریف اینڈ کمپنی نے ملکی معیشت کا برا حال کیا اور اسحاق ڈار اینڈ کمپنی نے بھی ملکی معیشت کا بیڑا غرق کیا۔فواد چودھری نے کہا کہ ہماری صنعتیں آج بحال ہیں اور اب ملکی معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ اپوزیشن کو سینیٹ میں بھی شکست کاسامنا کرنا پڑا، جس ایوان میں(ن) لیگ اورپیپلزپارٹی کو نام نہاداکثریت حاصل تھی انہیں وہاں بھی شکست ہوئی، اپوزیشن کی کوئی پالیسی نہیں ہے، یہ ایوان میں کچھ اور باہر کچھ کہتے ہیں، ہمارے کوئی سیاسی مخالفین نہیں، ہم اپنے ووٹر کو جوابدہ ہیں اس لیے پی ٹی آئی کا ووٹر ہمیں پالیسی ڈکٹیٹ کریگا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اپوزیشن کو سینیٹ میں شکست ہوئی اور اب کسی بھی قسم کے تشدد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ بلاول بھٹو اور مریم نواز کا قد ایسا نہیں کہ وہ خود کو قومی رہنما کہہ سکیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر کسی پراسس کے تحت مریم نواز اور بلاول آتے ہیں تو مناسب ہے لیکن تمام سیاسی جماعتیں عمران خان کے آگے ڈھیر ہیں اور یہ ملک مریم نواز اور بلاول بھٹو کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔ یہ ملک بہت عظیم ہے اور اس ملک کی قیادت کیلئے یہ دونوں بہت بھولے ہیں لہذا بلاول کوچاہیے کہ میئرکراچی کا الیکشن لڑیں، دونوں کو چاہیے کہ نیچے سے اوپر آنے کا سفر شروع کریں، بلاول اور مریم کا کا انحصار مولانا فضل الرحمان کے مدرسے کے بچوں پر ہوتا ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ اپوزیشن بونوں پر مشتمل ہے اور ان کی پہلے ہی عزت کم ہے اب مزید کم نہ ہو جائے۔ شہباز شریف اور مریم نواز میں لڑائی جاری ہے جبکہ پیپلز پارٹی میں بھی استحکام نظر نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین کی رائے کا احترام کرتے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی پارلیمان کے اندر اور باہر کوئی قدر نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ راوی ریور روڈہاوسنگ سوسائٹی نہیں بلکہ پورا شہر ہے اور شہربسانے سے متعلق فیصلہ حکومت نے کرنا ہوتا ہے، عدلیہ پالیسی فیصلہ سازی میں تو نہیں آسکتی اور جب بھی عدلیہ نے پالیسی فیصلہ سازی میں دخل اندازی کی ہے تو ملک کو نقصان ہوا اس لیے جتنا ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر چلیں گے اتنا فائدہ ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ احتساب کے عمل سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، ہمارا ووٹر ہمیں اس کی اجازت نہیں دیگا