مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاک بھارت مذاکرات کیے جائیں. عمر عبداللہ

 سری نگر: نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاک بھارت مذاکرات پر زور دیا ہے۔ عمر عبداللہ نے کپواڑہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیداکرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے سرینگر، راجوری اور پونچھ جیسے علاقوں میں آزادی پسند سرگرمیوں میں اضافے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے دفعہ370کی منسوخی سمیت مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کانیشنل کانفرنس کا موقف دہرایا۔

انہوں نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے حوالے سے کہا کہ ہم اپنے دوستوں کو تو بدل سکتے ہیں لیکن اپنے ہمسایوں کو نہیں۔ عمرعبداللہ نے بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے دونوں ممالک کی مشترکہ ذمہ داری قرار دیا۔انہوں نے پرامن ذرائع سے مسائل کے حل کے لیے نیشنل کانفرنس کے عزم کو دہراتے ہوئے بھارت اور پاکستان کی حکومتوں پر زوردیا کہ وہ مذاکرات کے لئے راہ ہموار کریں۔