سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت کے جائز مطالبے کو دبانے کے لیے بھارتی مظالم اور کالے قوانین کے تحت معصوم کشمیری نوجوانوں کو نشانہ بنائے جانے کا نوٹس لے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا سیاسی حق دے کر جس کا اقوام متحدہ کی قراردادوں میں وعدہ کیا گیا ہے، تنازعہ کشمیرکوحل کرے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوجی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران مقبوضہ علاقے کے لوگوں کو ہراساںکر رہے ہیں۔ کشمیری عوام اپنی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ایسی جنگ لڑ رہا ہے جسے وہ جیت نہیں سکتا کیونکہ کشمیری ہر قیمت پربھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہاکہ پیر پنجال کے علاقے پونچھ اور راجوری میں بے گناہ شہریوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے اور آزاد جموں و کشمیراورپاکستان میں موجودحریت کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ان کے اہل خانہ کو شدید ذہنی اذیت کا نشانہ بنایاجارہا ہے۔ترجمان نے تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔