لاہور(صباح نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے قومی ٹیم کی کٹ کی رونمائی کردی ہے۔لاہور میں ہونے والی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور دیگر شریک ہوئے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ 2009 کی طرح قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹرافی لے کر آئے گی۔ میرے بس میں ہوتا تو ٹیم کے لیے ایک لاکھ ڈالر سے بھی زیادہ کا اعلان کرتا۔
انہوں نے کہاکہ قومی کرکٹ ٹیم میں بھرپور صلاحیت موجود ہے، جیت پر ٹیم کو مزید انعامات بھی دیے جائیں گے، پاک بھارت میچ دیکھنے کے لیے امریکا جاوں گا۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والی کٹ کی رونمائی تقریب میں کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، نسیم شاہ، شاہین شاہین آفریدی کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیدار بھی شریک ہوئے،چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کٹ کی رونمائی کے موقع پر کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اس سال 2 سے 29 جون تک امریکا اور ویسٹ انڈیز میں منعقد ہوگا۔