کسانوں کے حق میں جماعت اسلامی سندھ کے دوسرے دن بھی سندھ میں احتجاجی مظاہرے

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر (پیرکو) دوسرے دن بھی کسانوں کو سرکاری باردانے کی عدم فراہمی اور گندم سرکاری ریٹ پر نہ خریدنے کیخلاف جیکب آباد، سانگھڑ، ٹنڈوالہیار، ٹھٹہ، دھابیجی اور ٹنڈومحمد خان میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔مظاہریں نے کسانوں کے ساتھ ناانصافی بند کرو، ہاریوں کو اپنا حق باردانہ اور گندم کا سرکاری ریٹ دو، کرپشن ختم کرو، ظلم کے ضابطے ہم  نہیں مانتے  کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے جبکہ ان کے ہاتھوں میں پلے کارڈ بھی موجود تھے جن پر اپنے حقوق اور ظلم کیخلاف نعرے درج تھے۔احتجاجی مظاہروں سے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری عبدالقدوس احمدانی، دیدار بہرانی،عاشق خانزادہ، حاجی دیدار لاشاری،ہدایت اللہ رند، ظہیر الدین جتوئی، عثمان جمالی،حمزہ ناہیوں، ایڈووکیٹ مجید سموں، عبداللہ آدم گندرو،پیر مسلم جان سرہندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لیکن حکمرانوں کی عدم توجہ اور کرپشن وکمیشن کلچر کی وجہ سے زراعت کا شعبہ تباہی کے کنارے کھڑا ہے، دوسرے صوبوں کی بنسبت سندھ کے کسانوں کو پہلے ہی زرعی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اس کے باوجود جب کسان اپنی مدد آپ کے تحت ہمت کرکے زراعت کو ترقی دینے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں فصل کا مناسب ریٹ نہیں ملتا اور تمام تر فائدہ مڈل مین وذخیرہ اندوز مافیا لے جاتا ہے ،

جماعت اسلامی رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں کسانوں کا مزید معاشی قتل نہیں ہونے دیں گے اور آبادگاروں کو اپنے جائز حقوق دینے ،گندم اسکینڈل کے ذمہ داروں کو عبرت ناک سزا دینے تک جماعت اسلامی اپنی پْرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔دریں اثنا ٹنڈوالہیار مین چوک لیاقت گیٹ پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا عبدالقدوس احمدانی، ضلعی امیر دیدار بہرانی، ٹھٹہ پریس کلب پر ضلعی رہنما مجید سموں، عبداللہ آدم گندرو، سانگھڑ پریس کلب ظہیر الدین جتوئی، عثمان جمالی، جیکب آباد ڈی سی چوک پر ضلعی امیر حاجی دیدار علی لاشاری،ہدایت اللہ رند،دھابیجی پریس کلب محمد علی پٹھان، یونس ناہیوں اور ٹنڈومحمد خان پریس کلب پر مقامی امیر پیر مسلم جان سرہندی نے احتجاجی مظاہروں سے خطاب کیا۔