کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے ترکیہ کی حکمران جماعت اے کے پارٹی کے استنبول میں واقع مرکزی دفتر کا دورہ کیا، امور خارجہ کے وائس چیئرمین ڈاکٹر امین سراک ودیگر ذمہ داران سے ملاقات کی، صوبائی امیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کا ساتھ بڑی تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔
ترکیہ نے قدرتی آفات سے لیکر معشیت کی بحالی تک ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے ،اے کے پارٹی اور صدر اردوان کی وجہ سے تعلقات میں مزید پختگی ہوئی ہے، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نہ صرف ترکی کے صدر بلکہ پوری امت کے رہنمائ ہیں، ان کے جرائتمندانہ کرادر کو پوری امت میں سراہا جاتا ہے، ہر مشکل موقعے پر امت کی نمائندگی کی ہے۔ترکی کی معیشت کی بحالی سے لیکر پردہ، داڑھی سمیت شعائر اسلام پر پابندیاں ختم کرنے اور فوج کے سیاسی کردار کے خاتمے تک ان کی پالیسیاں قابل تعریف ہیں، تاہم غزہ کے مسئلے پر ان کی خاموشی پر پوری امت کو تشویش ہے، محمد حسین محنتی نے کہا کہ سعادت ،رفع اور اے کے تینوں پارٹیاں دینی پارٹیاں ہیں اگر مل کر جدوجہد کریں تو مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی کیوں کہ اتحاد امت وقت کی اہم ضرورت ہے۔#