کوئٹہ(صباح نیوز) چاغی اور سریاب کے علاقوں میں ہونے والی فائرنگ کے دو واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، کیچ کے علاقے میں گذ شتہ روزسیکیورٹی فورسز پر حملے میں 10 جوان شہید ہوئے، اور جمعہ کو سوئی کے مقام پر ہونے والے بارودی دھماکے میں سینیٹر سرفراز بگٹی کے کزن سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے۔
جب کہ فائرنگ کے دو واقعات میں اب تک 6 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر سریاب مل کے قریب ہونے والی فائرنگ میں اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جب کہ دو افراد تاحال انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہیں۔پولیس کے مطابق سریاب روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے کار پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جب کہ 5 زخمی افراد کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے 3 مزید افراد دم توڑ گئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے ،پولیس نے جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور گولیوں کا نشانہ بننے والی گاڑی کو تحویل میں لے لیا ہے۔ فوری طور پر جاں بحق افراد کی شناخت نہیں ہو سکی۔دوسری جانب اسٹنٹ کمشنر دالبندین کے مطابق یک مچ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیا۔ مسلح افراد نے تیل سے بھری گاڑی کو روکا اور اس میں سوار دونوں افراد کو گاڑی سے اتار کر قتل کیا گیا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسزنے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے