اسلام آباد ہائی کورٹ 6ججز کا سپریم جوڈیشل کونسل کوخط ،سپریم کورٹ کا 6رکنی لارجر بینچ کل ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا

اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان کا 6رکنی لارجر بینچ آج  (منگل کو) اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6ججز کی جانب سے25مارچ2024کو سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے خط کے حوالہ سے لئے گئے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ ، جسٹس مسرت ہلالی اورجسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل 6رکنی لارجر بینچ منگل کو دن ساڑھے11بجے ازخودنوٹس کے ساتھ دائر ہونے والی دیگر9درخواستوں پر بھی سماعت کرے گا۔ دیگر درخواستیں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اسد منظور بٹ،،پاکستان بار کونسل کے 6ممبران، بیرسٹر چوہدری اعتراز احسن، میاں دائود ایڈووکیٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر،اور ایڈیشنل سیکرٹری سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان شہبازعلی خان کھوسہ کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔

درخواستیں فریق بننے کی اجازت دینے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6ججز کے خط پر جوڈیشل انکوائری کروانے کے لئے دائر کی گئی ہیں۔درخواستوں میں وفاق پاکستان کو سیکرٹری قانون ونصاف، سیکرٹری کابینہ ڈویژن اوردیگر کی وساطت سے فریق بنایا گیا ہے۔ عدالت کی جانب سے اٹارنی جنرل آف پاکستان بیرسٹر منصور عثمان اعوان کو نوٹس بھی جاری کیا گیاہے۔دوسری جانب سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ منگل کو بھی معمول کے کیسز کی سماعت نہیں کریں گے۔ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اخترافغان پر مشتمل 3رکنی بینچ 2اور3مئی کو کیسز کی سماعت کرے گا۔ چیف جسٹس کی جانب سے سوموار اور منگل کے روز کیسز کی سماعت نہ کرنے کی وجہ سے سپریم کورٹ کی جانب سے نظرثانی شدہ کاز لسٹ جاری کردی گئی ہے۔ چیف جسٹس کے ساتھ بینچ میں شامل ججزجسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اخترافغان نے سوموار کے روز سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر 5میں کیسز کی سماعت کی جبکہ بینچ  آج  (منگل)کے روز بھی کمرہ عدالت نمبر 5میں 8کیسز کی سماعت کرے گا۔