حکو مت آزاد کشمیر پونے چار ارب روپے کا لوکل گورنمنٹ بجٹ بلدیاتی نمائندوں کے حوالے کرے۔ ڈاکٹر محمدمشتاق احمد خان


چڑالہ (صباح نیوز)جماعت اسلامی آزادکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ بشارت شہید روڈ کوہالہ تا غازی آباد کی زبوں حالی استحصالی نظام کی کھلی دلیل ہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سے مطالبہ کرتاہوں کہ حلقہ غربی باغ کی اس حالت کا نوٹس لیں، بطور امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر غربی باغ کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر مطالبات کے حق میں احتجاجی تحریک کا اعلان کرتے ہیں تو میں قدم بقدم ان کے ساتھ ہوں گا،کاہنڈی کے اس ریجن میں بجلی کی حالت زار پر بھی حکومتی حکام کی توجہ دلانا چاہتا ہوں۔ شہداء ا و غازیوں کی اس دھرتی کے عوام تحریک آزادی کشمیر میں قربانیوں کے باوجود بنیادی حقوق سے محروم ہیں جو افسوس ناک ہے۔

ان خیالات کااظہاراانھوں نے میجر (ر) محمد لطیف خلیق، ممبر ضلع کونسل جاوید عارف عباسی، لوکل کونسلر اشتیاق عباسی، سہیل ریاض عباسی، فواد عباسی، عبدالقدوس خان کے ہمراہ پریس کانفر نس کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا مقامی نمائندوں کے حقوق کے حوالے سے توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ جن لوگوں نے ان مقامی نمائندگان کو ووٹ دیے ہیں وہ اب ان سے اپنا حق نمائندگی مانگتے ہیں، حکومت وقت کو خبردارکرتا ہوں کہ وہ پونے  چار ارب روپے کے لوکل گورنمنٹ بجٹ کو ان کے حوالے کیا جائے، چند ہزار اور چند لاکھ روپے دیکر مقامی نمائندگان کو دینے سے مسائل حل نہیں ہوںگے ہمارا مطالبہ ہے کہ اگر آپ نے بیس کیمپ کو پر امن رکھنا ہے اور دشمن کی ایجنسیوں کو مداخلت کا موقع نہیں دینا چاہتے تو فوری طور پر ان لوکل نمائندگان کو با اختیار بنائیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جو نوجوان اپنے مدد آپ کے تحت کام کر رہے ہیں ان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ہم ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ اس سے قبل امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر نے چڑالہ میں القرآن اکیڈمی کا افتتاح بھی کیا،

ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے اپنے دورہ غربی باغ کے دوران میں تقریبات سے بھی خطاب کیا اور کہاکہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کو ایک پورا منصوبہ رکھتی ہے ہم حکومت میں نہ ہوتے بھی عوام کی خدمت کررہے ہیں اگر عوام ہمیں اقتدار تک پہنچاتے ہیں تو آزا دخطے کے بنیادی مسائل پانچ برس میں حل کردیںگے اور کشمیرکی آزادی کے لیے بھی عملی اکردار ادا کریںگے۔