ان دیکھی قوت یا شہباز شریف کی جانب سے نواز شریف کا راستہ روکنے کی بات بے بنیاد ہے،عرفان صدیقی


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ( ن) کے سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا ہے کہ تاثر دیا گیا کہ نواز شریف کا راستہ ان دیکھی طاقت یا شہباز شریف نے روک لیا یہ بات بے بنیاد اور غلط ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ الیکشن سے پہلے نواز شریف کے ساتھ ملاقاتوں میں تاثر ملا کہ شاید وہ چوتھی بار وزیراعظم بننے پر آمادہ نہیں، ایسا تاثر دیا گیا کہ نواز شریف وزیراعظم بننے کے لئے بہت بے تاب اور بے چین تھے، نواز شریف کا راستہ نہ ان دیکھی طاقت اور نہ شہباز شریف نے روکا۔

انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں موجود تھا جس میں نواز شریف نے اعلان کیا کہ وزارت عظمی شہباز شریف کو دے رہا ہوں، نواز شریف ایک فیصد بھی وزیراعظم بننے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہوتے تو کس طاقت نے ان کو روکنا تھا؟ کوئی طاقت نہیں تھی۔عرفان صدیقی نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے یہی تاثر لیا ہوگا کہ دو تہائی اکثریت ہوگی تو نواز شریف وزیراعظم بنیں گے میں اس تاثر کی نفی نہیں کر رہا ہوں، نواز شریف وزیراعظم کی کرسی پر نہیں تو کیا یہ ن لیگ یا نواز شریف کی حکومت نہیں؟۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی اور نواز شریف کی حکومت ہے، پارٹی میں نواز شریف کے خلاف کوئی سازش نہیں ہورہی، سازش اس وقت ہوتی اگر نواز شریف اقتدار کے لیے بے چین اور تڑپ رہے ہوتے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کس کی بنی ہے ن لیگ کس کی ہے؟ پارٹی میں نواز شریف کے مقام اور مرتبے میں کوئی فرق نہیں آیا، لوگوں نے پاکستان کو نواز دیا تو فیصلے کس نے کیے اسی نواز نے کیے ہیں۔