وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے عالمی سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب سے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے ایک وفد نے اسلام آباد میں ملاقات  کی جو پاکستان کی اقتصادی ترقی   اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں ہوئی ۔اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کی قیادت میں ہونے والی ملاقات میں چیف آئی آر اوپس ایف بی آر اعجاز حسین، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران  بینک کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور یقین دلایا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان میں کاروباری ماحول کو آسان بنانے کے لیے تمام دانشمندانہ اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے ملاقات میں مہنگائی میں کمی اور سٹاک مارکیٹ میں اضافے کے حوالے سے میکرو اکنامک استحکام پر روشنی ڈالی جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے سرمایہ کاروں کے وفدکو حکومت کے ٹیکس اقدامات  کے بارے میں بھی بتایا ،  انہوں نے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو تیز کرنے کے ایجنڈے پر زور دیا۔ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے ساتھ شروع ہونے والی نجکاری کی کوششوں کو بھی واضح کیا گیا، انہوں نے مستقبل قریب میں اضافی شعبوں تک نجکاری کی کوششوں کو بڑھانے کا عزم بھی کیا۔

وزیر خزانہ اور محصولات نے کہا کہ پاکستان بتدریج معاشی استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے اور یہی وقت پاکستان میں سرمایہ کاری کا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں آئی ٹی اور زراعت کے شعبے کی صلاحیت اور ملکی معیشت کو فروغ دینے کے لیے ان شعبوں میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔وفد نے وزیر خزانہ سے ملک کی معاشی صورتحال اور آؤٹ لک پر تبادلہ خیال کیا۔ سرمایہ کاروں نے وزیر خزانہ کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام، آئندہ بجٹ کے اہداف، مارکیٹ کی عمومی صورت حال  اور آؤٹ لک کے ساتھ ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر کی صورتحال کے حوالے سے جامع بات چیت کی۔

وفاقی وزیرخزانہ اور محصولات نے اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے،  آسان عمل ، ضروری مراعات فراہم کرنے اور ایک مستحکم ریگولیٹری فریم ورک کو یقینی بنانے کا عہد کیا۔  انہوں نے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اعتماد کے ساتھ مواقع تلاش کریں، کیونکہ حکومت ان کے منصوبوں کو آسان بنائے گی تاکہ وہ ملک کی خوشحالی میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ آخر میں، اجلاس نے پاکستان اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے درمیان اقتصادی لائحہ عمل  اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے باہمی تعاون پر زور دیا۔ یہ بات چیت مالیاتی دانشمندی، سرمایہ کار دوست پالیسیوں اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا ثبوت ہے ۔