جنید صحرائی اور مجاہد طارق احمد کی شہادتیں منزل کا تعین اور کامیابی کا راز آشکار کرتی ہیں۔ حزب المجاہدین


مظفر آباد(صباح نیوز)  نائب امیر حزب المجاہدین سیف اللہ خالد  اور آپریشنل چیف غازی ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ جنید صحرائی جو کہ بھارتی عقوبت خانے میں جام شہادت نوش کرنے والے  تحریک آزادی کشمیر کے  قائد محمد اشرف صحرائی  کے فرزند اور مجاہد طارق احمد کی شہادتیں منزل کا تعین اور کامیابی کا راز آشکار کرتی ہیں۔یہ مقدس لہو اپنا رنگ ضرور جما دے گا اور اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد کے مصداق تحریک آزادی کشمیر بھی یقینا کا میابی سے ہمکنار ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار  نائب امیر حزب المجاہدین سیف اللہ خالد  اور آپریشنل چیف غازی ابو عبیدہ نے ذرائع ابلاغ کے نام جاری کیے گئے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا ہے۔انہوں نے معروف آزادی پسند رہنما شہید محمد اشرف صحرائی کے لخت جگر جنید صحرائی اور مجاہدطارق احمد پلوامہ کو عقیدت کے پھول نچھاور  کرتے ہوئے کہا کہ ایک تاریخی حقیقت ہے کہ یہی شہادتیں منزل کا تعین اور کا میابی کا راز بھی آشکار کرتی ہیں۔شہدا کے  مقدس خون کے قطروں سے ہزاروں مجاہدین جنم لیتے ہیں اور یوں تحریک حصول منزل تک جاری رہتی ہے۔واضح رہے کہ شہید جنید صحرائی 2018 میں حزب المجاہدین کی صفوں میں شامل ہوئے تھے۔اعلی تعلیم یافتہ ہونے کیساتھ ساتھ وہ بھرپور قائدانہ صلاحیتوں کے مالک تھے۔ شہید جنید صحرائی اور شہیدطارق احمد 19 مئی2020 میں نواکدل سرینگر  میں درندہ صفت بھارتی فوجیوں کیساتھ ایک خونریز تصادم میں شہادت سے سرفراز ہوئے۔قائدین حزب نے واضح کیا کہ اہل کشمیر گزشتہ  سات دہائیوں سے سوا پانچ لاکھ کی تعداد میں قربانیاں پیش کرچکے ہیں وہ برہمن سامراج کے سامنے جھکنے کے بجائے ہمیشہ چٹان کی مانند کھڑے ہیں۔قائدین حزب نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شہدا کا یہ مقدس خون رائیگاں نہیں جائیگا بلکہ ضرور رنگ لائیگا۔حزب آپریشنل کمانڈر غازی  ابو عبیدہ نے  اپنے بیان میں مزید کہا کہ دشمن اور اس کے حاشیہ بردار جان لیں کہ یہ تحریک ان شاء  اللہ ہر رکاوٹ عبور کرتے ہوئے کا میابی سے ہمکنار اور حصول منزل تک پوری قوت سے جاری رہیگی۔