سینیٹ کی بزنس ایڈوائزی کمیٹی کو مزید موثر بنائیں گے. سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد(صباح نیوز)سینیٹ کی بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاس میں منعقد ہوا۔ بحیثیت چیئرمین سینیٹ یہ بزنس ایڈوائزی کمیٹی کا پہلا اجلاس تھا جس کی صدارت انہوں نے کی۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈران بشمول قائدایوان و قائد حزب اختلاف سب کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس ایڈوائزی کمیٹی ایک اہم فورم ہے اور میری خواہش ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلوں۔

انہوں نے کہا کہ بزنس ایڈوائزی کمیٹی کو مزید موثر بنائیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے اجلاس میں شریک پارلیمانی رہنماں کو اپنے خیالات کے اظہار کا بھر پور موقع فراہم کیا۔ اس دوران سینیٹ کے 337 ویں سیشن کے حوالے سے معاملات بھی زیر غور آئے۔ سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سینیٹ کے ایجنڈے کے حوالے سے کمیٹی اراکین کو بریفنگ دی۔ آج کے اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان، سینیٹ میں قائد ایوان محمد اسحاق ڈار، سینیٹ قائد حزب اختلاف سید شبلی فراز، چیف وہیپ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کے علاوہ سینیٹر ز شیری رحمان، عرفان الحق صدیقی،علی ظفر، منظور احمد، سید فیصل علی سبز واری، جان محمد، کامل علی آغا، محمد قاسم، راجہ ناصر عباس، ہدایت اللہ خان نے شرکت کی۔سپیشل سیکرٹری سینیٹ میجر (ر) سید حسنین حیدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔