سید یوسف رضا گیلانی کی صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت

اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے خضدار پریس کلب کے صدر محمد صدیق کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات کی بلند کرے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔

چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد امن اور جمہوریت کے دشمن ہیں اور ملک کا امن خراب کرنے کی کسی مذموم سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس طرح کی بزدلانہ تخریبی کارروائیوں سے ملک اور بالخصوص بلوچستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دھماکے میں زخمی افراد کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بھی صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے خضدار پریس کلب کے صدر محمد صدیق کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو پاکستان کا امن تباہ کرنے میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔