سپریم کورٹ کی تجوری ہائٹس کیس میں دائر نظر ثانی درخواست پر نمبر درج کرنے کی ہدایت


کراچی (صباح نیوز)سپریم کورٹ نے تجوری ہائٹس کیس میں دائر نظر ثانی درخواست پر نمبر درج کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ جمعرات کو  سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں تجوری ہائٹس کے متاثرین کو معاوضہ ادائیگی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کس کا ہے تجوری ہائٹس؟،

وکیل تجوری ہائٹس نے بتایا کہ گورنر سندھ کی اہلیہ کے نام پر تھا پلاٹ۔چیف جسٹس نے دریافت کیا کہ نوٹس گورنر ہاؤس بھیجیں؟ کہاں بھیجیں؟ مالک کو ہی متاثرین کا پیسہ دینا ہے، کم از کم اخلاقی تقاضا تو ہے کہ آپ متاثرین کو پیسے دیں۔وکیل عابد زبیری نے کہا کہ مجھے کلائنٹ سے انسٹرکشن لینے دیں کچھ وقت دیا جائے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ چاہتے ہیں توہین عدالت کا نوٹس بھیجیں؟

وکیل نے بتایا کہ میں اس درخواست میں وکیل نہیں تھا مجھے ٹائم دیا جائے۔چیف جسٹس نے کہا کہ نکالیں عابد زبیری کا وکالت نامہ ، سارا ریکارڈ موجود ہے ہمارے پاس، عدالت نے تین ماہ میں متاثرین کو معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا ، سوال پوچھ رہے ہیں کوئی یہ نہیں بتارہا کہ کلائنٹ کا نام کیا ہے ؟۔وکیل بلڈر نے بتاہا کہ متاثرین کو معاوضہ ادا کیا جاچکا ہے جو رہ گیا ہے اسے بھی دے دیں گے، ہم نے نظر ثانی کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔بعد ازاں عدالت نے نظر ثانی کی درخواست پر نمبر درج کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے پاکستان ریلوے کو نوٹس جاری کردیئے ۔عدالت نے ریماکرس دیے کہ تجوری ہائٹس کے بلڈر کا نام آئندہ سماعت پر بتایا جائے۔