حکومت پاکستان ملیریا کی روک تھام اور خاتمے کیلئے مناسب اقدامات کر رہی ہے،شہباز شریف


اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ملیریا کی روک تھام اور خاتمے کے لئے مناسب اقدامات کر رہی ہے،ملیریا کی روک تھام اور کنٹرول کے اقدامات کی اہمیت کے بارے میں آگاہی کے فروغ کے لئے باہمی تعاون سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ملیریا کے عالمی دن پر پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ ملیریا کا عالمی دن منانے میں پاکستان باقی دنیا کے ساتھ شامل ہے  اس سال ملیریا کے عالمی دن 2024 کے موضوع کے عین مطابق ملیریا کے خلاف جنگ میں تمام سٹیک ہولڈرز، پالیسی سازوں، ڈونرز، ہیلتھ کیئر سمیت ، تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملیریا کے خلاف جنگ میں شامل ہونا ہے ، ملیریا ہر سال 10 لاکھ سے زیادہ پاکستانیوں کو متاثر کرتا ہے،حکومت پاکستان ملیریا کے روک تھام اور خاتمے کے لئے مناسب اقدامات کر رہی ہے، ہر ایک فرد کو ملیریا کی معیاری جانچ اور علاج کی مفت سہولیات تک رسائی حاصل ہونی چاہیے، وزارت قومی صحت نے کامن مینجمنٹ یونٹ ملیریا، قومی اور بین الاقوامی شراکت داروں، صوبائی ہم منصبوں، این جی اوز اور نجی  سٹیک ہولڈرز کے ذریعے ملک بھر میں ملیریا کی مفت جانچ اور علاج کی سہولیات میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  ہم نجی شعبے اور اپنے عالمی شراکت داروں کے کردار کو سراہتے ہیں ، ہمیں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے، معیاری تشخیص اور علاج تک رسائی بڑھانے اور ملیریا کی روک تھام اور کنٹرول کے اقدامات کی اہمیت کے بارے میں آگاہی کے فروغ کے لئے  باہمی تعاون سے کام کرنے کی ضرورت ہے ،بھرپور سیاسی عزم ،حکمت عملی اور مناسب سرمایہ کاری کی بدولت ہم ملیریا سے پاک دنیا کے اپنے مشترکہ مقصد حاصل کر سکتے ہیں ۔