اسلام آباد ہائیکورٹ، وفاقی دارالحکومت میں روٹی اور نان کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن معطل


اسلام آباد (صباح نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں نان روٹی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین سے تفصیلی جواب طلب کرلیا اور سماعت 6مئی تک ملتوی کردی ۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے نان بائی ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر کی درخواست پر سماعت کی۔

نمائندہ ضلعی انتظامیہ نے عدالت کو بتایا کہ قانون میں ترمیم کی گئی تھی ڈی سی اوز کو اختیار دیاگیاتھا۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ  فیڈرل پرائس کنٹرول وزیر اعظم کی نگرانی میں تھی ۔ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے نمائندے نے بتایا کہ قانون میں ترمیم کرکے ڈی سی اوز کو قیمت کے تعین کا اختیار دیا گیا۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ آٹا یہاں مہنگا اور کرایہ بھی زیادہ ہے، کنٹرولر جنرل کی پاور سیکشن تھری کے تحت نہیں جس کا نوٹیفکیشن کیاگیا۔ عدالت نے استفسار کیا یہ بتائیں پنجاب میں 120 گرام کی روٹی25 روپے میں ہے؟۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دئیے کہ تندور والوں سے پوچھا آٹا کتنے کا آرہاہے۔ لوگوں کو خوش کرنے کیلئے آرڈر جاری کردیا۔

عدالت نے آئندہ سماعت تک نوٹیفکیشن معطل کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر فریقین کو تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 6 مئی تک کیلئے ملتوی کردی۔