غزہ میں جنگی جرائم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے،ملالہ یوسفزئی


لندن (صباح نیوز)نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ سے غزہ کے فلسطینیوں پر مظالم دیکھ کر شدید غصہ اور مایوسی ہے، غزہ میں جنگی جرائم  کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ،معصوم شہریوں پر کسی بھی قسم کے تشدد کے خلاف ہوں،غزہ میں فوری جنگ بندی انتہائی ضروری ہے۔یہ بات ملالہ یوسف زئی نے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔انہوںنے کہا کہ غزہ میں نصریہ اور الشفا ہسپتا ل میں اجتماعی قبروں کی دریافت فلسطینیوں پر ظلم کا ایک اور باب ہے، نہیں معلوم فلسطینی یہ تکالیف کس طرح برداشت کر رہے ہیں۔

ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ ہم مزید لاشیں، سکولوں پر بمباری اور بھوک سے تڑپتے بچوں کو نہیں دیکھ سکتے، غزہ میں فوری جنگ بندی انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگی جرائم اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اسرائیلی حکومت کی مذمت کرتی رہوں گی، اسرائیلی حکومت کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی کوشش کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔

ملالہ یوسف زئی نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کرانے، انسانی امداد کی فراہمی کے لئے عالمی رہنماؤں پر زور دیتے رہیں گے، قید رکھا جائے یا یرغمال، معصوم شہریوں پر کسی بھی قسم کے تشدد کے خلاف ہوں۔انہوںنے کہا کہ غزہ کے عوام سے  یکجہتی کے لئے  ان کیساتھ ہوں، ان کی آواز اور مطالبات سنے جانے چاہئیں، ہمیں اپنے لیڈرز پر زور ڈالنا چاہیے کہ غزہ میں جنگی جرائم رکوائیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔