تحریک حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی  شہید کی برسی،فریدہ بہن جی کا شاندار خراج عقیدت


سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس کی سینئر رہنماء اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے قائدتحریک حریت جموں و کشمیر شہید محمد اشر ف صحرائی کو ان کے یوم شہادت پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ محمد اشرف صحرائی مزاحمت کی علامت تھے۔ شہید اشرف صحرائی نے جس مشن کے لئے اپنی جان اور بیٹے کو قربان کیا وہ منزل کے حصول تک جاری رہے گا

سرینگر میں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اشرف صحرائی کی زندگی، قربانیاں اور جدوجہد کشمیر کی آنے والی نسلوں کے لیے رول ماڈل ہیں۔ شہید محمد اشرف صحرائی نے اپنی پوری زندگی جدوجہد آزادی کشمیر کے لیے وقف کر دی تھی اور اس عظیم مقصد کے لیے اپنی جان اور اپنے پیارے بیٹے سمیت سب کچھ قربان کر دیا۔

فریدہ بہن جی نے کہا کہ کشمیریوں کے بنیادی حقوق کا مطالبہ کرنے پر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، برسوں تک قید کیا گیا اور ظلم و ستم کا نشانہ بنایا گیا لیکن وہ ثابت قدم رہے ، ظالم بھارت کے سامنے کبھی نہیں جھکے۔ ا نہیں بغیر کسی طبی امداد کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان کی شہادت ہوئی،ان کی موت ایک حراستی قتل ہے،ان  کے حراستی قتل کی براہ راست ذمہ دار بھارتی حکومت ہے ۔بھارت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت کشمیریوں کو ان کی قیادت سے محروم کرنے کے لیے تحریک آزادی کے رہنماوں کو ختم کر رہا ہے

انہوں نے کہا کہ محمد اشرف صحرائی مزاحمت کی علامت اورقربانیوں کا ایک مجسمہ تھے۔ اشرف صحرائی کی زندگی، قربانیاں اور جدوجہد کشمیر کی آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ حریت رہنماء نے کہا کہ ممتاز رہنما کو خراج  عقیدت  پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کی تعلیمات پر عمل کرنا اور ان کے مشن کو پورا کرنا ہے۔ ماس موومنٹ کی سربراہ نے اس بات کا اعادہ کیاکہ شہید اشرف صحرائی نے جس مشن کے لئے اپنی جان اور بیٹے کو قربان کیا وہ منزل کے حصول تک جاری رہے گا ۔۔ محمد اشرف صحرائی 5 مئی 2021 کو ٹ بھلوال جیل  میں قید کے دوران شدید بیمار ہو کر انتقال کر گئے تھے ۔