صدرکا ملکی تیز تر ترقی یقینی بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ پر زور


اسلا م آباد(صباح نیوز)صدرڈاکٹر عارف علوی نے ملک کی تیزتر ترقی یقینی بنانے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کے فروغ پر زور دیا ہے۔

انہوں نے  اسلام آباد میں نیشنل آئیڈیا بینک کے گرینڈ فائنل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصا کرونا وائرس کے بعد آن لائن تعلیم ایک حقیقت بن چکی ہے اور ہمیں گریجوایٹس کی تعداد بڑھانے کے لئے اس سے استفادہ کرنا چاہئے۔

صدر نے کہا کہ دنیا میں ڈیجیٹل انقلاب کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے فیصلہ سازوں اور نوجوانوں کے درمیان جنریشن گیپ کم کرنے کی ضرورت ہے۔سائبر سکیورٹی کی بڑھتی ہوئی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دوہزار تیس تک سائبر سکیورٹی کے آٹھ کروڑ ماہرین کی ضرورت متوقع ہے اور اس حوالے سے ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتیں بھرپور انداز میں بروئے کارلائی جا سکتی ہیں۔اس سے پہلے صدر نے قدرتی وسائل ،تعمیرات ، ای کامرس، زراعت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہترین خیالات فراہم کرنے والے نوجوانوں میں نقد انعامات تقسیم کئے۔