اپوزیشن ارکان کی اسپیکر سردار ایازصادق سے اہم ملاقات

اسلام آباد (صباح نیوز)  ایوان میں اپوزیشن کے دوارکان کے داخلے پر پابندی  کے معاملہ پر پی ٹی  آئی کے  رہنما شیرافضل مروت کی  قیادت میں اپوزیشن ارکان اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق سے ملنے پہنچ گئے  ۔ اپوزیشن ارکان کو فیصلہ پر نظرثانی کی یقین دہانی کروادی گئی  ۔ اسپیکر سردار ایازصادق نے صدارتی خطاب کے موقع پر سخت ہنگامہ آرائی کا نوٹس لیتے ہوئے دواپوزیشن ارکان جمشید دستی اور اقبال آفریدی کے رواں سیشن میں ایوان میں داخلے پر پابندی عائدکردی ہے ۔ شیرافضل مروت ،شاہدخٹک  دیگر اپوزیشن ارکان نے اسپیکر سردار ایازصادق سے  ان کے چمیبر میں ملاقات کی ۔اورناخوشگوارصورتحال پیدا ہونے کی وجوہ سے آگاہ کیا ۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپوزیشن ارکان نے کہا کہ دوسری طرف سے خواتین سے ہمیں گالیاں دلواکر بھڑکایا جارہا ہے  اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ ہے۔ شیرافضل مروت نے کہا کہ ہم نے اسپیکرسردارایازصادق کو یاد دلوایا کہ ایوان میں مشترکہ اجلاس کے موقع پر خواتین کے حوالے سے  حکومتی بینچوں کی طرف سے غلط اور غیرپارلیمان زبان کا استعمال کیا گیا۔حکومتی ارکان نے دومواقع پر اپوزیشن ارکان پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی ۔چیئرمین پی ٹی آئی نے بیچ بچاؤکرایا ۔ اسپیکر نے کہا ہے کہ میں حکومتی ارکان کا کنڈکٹ بھی دیکھوں گا کہ کیا وہ غیر مناسب تھا ۔ بہرہال  گفت وشنید کے بعد اسپیکر نے  یقین دہانی کروائی ہے کہ  انھو ں نے دومتذکرہ ارکان سے متعلق جو رولنگ دی ہے شاید نظرثانی کرلیں ۔

انھوں نے کہا کہ  ملک میں ہر حوالے سے ہمارے ساتھ تسلسل سے زیادتیاں ہورہی ہیں۔ انتخابات میں ہمارے امیدواروں کو گرفتار کیا گیا نشان چھینا گیا کاغزات چھینے گئے ۔بڑی مشکل سے  انتخابی مرحلہ عبور کیا پھر ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا اور پارلیمان کے اندر بھی ہمارے ساتھ اس قسم کو رویہ روارکھا جاتا ہے تو مکمل طور پر ثابت ہوگا کہ پی ٹی آئی کو دیوار سے لگایا جارہا ہے ۔ پنجاب میں ضمنی انتخابات میں ووٹ کو عزت دوکی دعوی کرنے والی مریم نواز نے دفعہ 144لگوادی ۔ایسا تو دور آمریت میں ہوتا تھا مریم نواز نے پنجاب میں دورآمریت کی یاد تازہ کردی ہے  اس کی مذمت کرتا ہوں  کسی جلسہ میں مجھے گرفتارکرلیا جائے تو یقیناً اسپیکرسردارایازصادق میرے پروڈکشن آرڈر ضرور جاری کریں گے ۔شاہدخٹک نے بتایا کہ اسپیکر نے  مجھ سے گلہ شکوہ کیا ہے میں نے  کہا  ریکارڈ نکلوالیں کوئی غیر پارلیمانی ریمارکس ثابت کریں  جس پر کہا گیا کہ  چور چور کا نعرہ کیوں لگاتے ہو جس پر میں نے کہا  کیا پھر ڈاکوکہیں  کیونکہ ہمار مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے ۔ ہم احتجاج بھی نہ کریں تو اور کیا کریں ۔ہمارے متوقع سینیٹرز صدر کے انتخاب میں ووٹ نہ ڈال سکے۔ فارم47سے منتخب کروائے گئے ایم این اے ایم پی ایز نے زرداری کو ووٹ دے کر صدر بنادیا ۔

انھوں نے کہا کہ ڈاکوچورحکمرانوں کے خلاف پارلیمان میں بھرپوراحتجاج جاری رکھیں گے  پوری کی پوری جماعت جمشید دستی اور اقبال آفریدی کے ساتھ کھڑی ہے  ان کو ہماری شکلوں سے خوف ہے ہم ان کو خوفزدہ رکھیں  گے ۔ انھوں نے بتایا کہ  قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومتی بنچوں سے ایک خاتوں رکن نے مجھے سخت برابھلا کہا  اب ہم کچھ کہتے ہیں تو کہا جاتا ہے غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کرتے ہو یہ لوگ ہمیں بھڑکاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں شیرافضل مروت نے کہا کہ اداروں کے سربراہان نے مشترکہ اجلاس میں نہ آکر اچھا کیا یہ نیک شگون ہے ہم نہیں چاہتے کہ ایسے کشیدہ سیاسی ماحول کے موقع پر اداروں کے سربراہان موجود ہوں  ۔ کشیدہ سیاسی ماحول میں انھیں نہیں آنا چاہیے  ہم نے احتجاج کرنا ہے احتجاج جاری رہے گا  ہمارے ساتھ جو رویہ اختیار کیا گیا ہے ہم نے اسی شدت کے ساتھ احتجاج کرنا ہے