ترکیہ سے غزہ کے لئے امدادی سامان کا 9 واں بحری جہاز مصر پہنچ گیا


انقرہ (صباح نیوز)ترکیہ سے غزہ کے لئے انسانی امدادی سامان سے لدا 9واں بحری جہاز مصر پہنچ گیا ۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امدادی سامان ترکیہ ہلال احمر کی طرف سے فراہم کیا گیا ہے اور خوراک، بچوں کی اشیا ، بستری تھیلوں اور آٹے جیسی اشیائے ضروریہ پر مشتمل ہے۔مصر کے کھلے سمندر میں پہنچنے کے بعد جہاز میں ایندھن کی بھرائی کی جا رہی ہے۔ایندھن لینے کے بعد جہاز اپنا رخ مصر کی العارش بندرگاہ کی طرف موڑ لے گا جہاں سے 3 ہزار 774 ٹن انسانی امدادی سامان ٹرالروں پر لاد کر براستہ رفح سرحدی چوکی کے غزہ کی فلسطینی عوام تک پہنچایا جائے گا۔واضح رہے کہ ترکیہ ہلال احمر اوراے ایف اے ڈی کے تعاون سے اس وقت تک 13 طیاروں اور 8 بحری جہازوں کے ذریعے 39 ہزار 697 ٹن انسانی امدادی سامان غزہ پہنچایا جا چکا ہے۔