سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، رانا تنویر حسین

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی ، صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ چین پاک اقتصادی راہداری(سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں صنعت کے شعبے میں تعاون پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جس سے پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سی پیک ایک انقلابی منصوبہ ہے جس کی تعمیر سے پاکستان بھرپور طریقے سے مستفید ہورہا ہے،سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا فائدہ اٹھا سکتی ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان صنعتی شعبے میں تعاون سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور پاکستان کی معیشت آگے بڑھے گی،

سی پیک کا دوسرا مرحلہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت دنیا کو فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے شدید چیلنجز کا سامنا ہے،چین میں فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے متعداد اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ نیشنل فود سکیورٹی یقینی بنانے کو بڑی اہمیت دیتے ہیں، ان کے مطابق چین کے فوڈ سکیورٹی کے تجربات پاکستان سمیت دنیا کے لئے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ پاکستان چین کی زرعی ترقی خصوصاجدید زرعی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر زراعت کے شعبے میں ترقی کر سکتا ہے اور فوڈ سکیورٹی کو بھی یقینی بناسکتا ہے۔۔