محمد حسین محنتی کی ترکیہ میں اخوان المسلمون کے قائم مقام مرشد عام پروفیسر محمود حسین سے ملاقات

استنبول(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے ترکیہ میں اخوان المسلمون کے قائم مقام مُرشد عام پروفیسر محمود حسین سے ملاقات کی، استنبول میں اخوان المسلمون کے دفتر میں ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے مصر، پاکستان سمیت دنیا بھر میں اسلامی تحریکوں کی پیش قدمی سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، محمد حسین محنتی نے اخوان المسلمون کے مُرشد عام کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک بھی پیش کیا جبکہ مرشد عام نے نومنتخب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کو سلام و اپنی نیک خواہشات کا اظہار اور پاکستان میں جماعت اسلامی کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔

اخوان المسلمون کے مرشد عام پروفیسر محمود حسین نے کہا کہ مصر میں تمام آمرانہ اقدامات اور ظلم وجبر کے باوجود کارکنان صبر واستقامت کے ساتھ اقامت دین کی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں،6500افراد کو جیل میں پابند سلاسل کیا گیا،100افراد کو موت اور عمر قید کی سزا سنادی گئی ہے ،چند لوگوں کو رہا کرنے کے علاوہ باقی تمام لوگ قید وبند کی صعوبتیں کاٹ رہے ہیں، اخوان کارکنان نے پہلے بھی آمرانہ دور دیکھے ہیں اب بھی ظلم وناانصافیوں کا سلسلہ جاری ہے، ان شاء اللہ ایک دن ظلم وجبر کے دور کا خاتمہ اور حق غالب ہوکر رہے گا۔

محمد حسین محنتی نے بھی مرشد عام کو پاکستان میں جماعت اسلامی اور اس کی برادر تنظیمات کی سرگرمیوں اور پیش رفت سے آگاہ کیا، یاد رہے کہ صوبائی امیر ان دنوں ترکیہ کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے اخوان المسلمون سمیت ترکی کی اسلامی تحریکوں کے قائدین سے ملاقات کی جبکہ سعودی عرب میں عمرہ کی سعادت بھی حاصل کی جہاں پر انہوں نے پاکستان کی ترقی،سالمیت اور تحریک اسلامی کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا بھی کی۔