پنجاب میں موٹر ویز کے ریسٹ ایریاز میں ناجائز منافع خوری کا نوٹس

اسلام آباد سرگودھا(صباح نیوز) موٹر ویز کے ریسٹ ایریاز میں غیر معیاری اشیاکی فروخت اور مسافروں سے ناجائز منافع خوری کا نوٹس پنجاب کے ڈپٹی کمشنر ز کو کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیئے گئے اور ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فوری طور پر اشیاقیمت کا از سر نو تعین کر نے کا ٹاسک دے دیا گیا ہے ،

ذرائع کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر کامرس اینڈ انڈسٹریز و انویسٹمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے جاری مراسلہ میں موصول ہونیوالی حالیہ شکایا ت کا حوالہ دیتے ہوئے سرگودھا، لاہور،چکوال، حافظ آباد،شیخوپورہ اور راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنرز کو آگاہ کیا گیا کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے لہذا ڈپٹی کمشنرز وقت ضائع کئے بغیر موٹر وے ریسٹ ایریاز پرمعیاری اشیاکی حکومتی نرخو ں پر دستیابی کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز کے ذریعے خصوصی کریک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ مستقل چیک اینڈ بیلنس یقینی بنائیںجبکہ ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو اشیاکی قیمتوں کا نئے سرے سے تعین کر کے ایک ہفتہ میں عملدرآمد کی رپورٹ ارسال کرنے کا بھی کہا گیا ہے ۔