الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے اردن سے امدادی سامان، غزہ بھجوانے کا آغاز کر دیا

عمان(صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے غزہ متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں مزید تیزکرنے کیلئے اردن سے غزہ کا نیاراستہ تلاش کرکے امدادی سامان کی ترسیل کا آغازکردیا،اس سلسلے میں مرکزی نائب صدرالخدمت محمدعبدالشکوراورنیشنل ڈائریکٹر الخدمت ائیرمارشل(ر)ارشدملک نے اردن دورے کے دوران وہاں تعینات پاکستانی سفیرمیجرجنرل (ر)محمداجمل اقبال سے ملاقات کی،

اردن میں پاکستانی سفیر نے الخدمت کے ذمہ داران کا خیرمقدم کرتے ہوئے ہرطرح کے تعاون کا یقین دلایااوراردن کی چیرٹی آرگنائزیشن ہاشمائٹ فاونڈیشن سے رابطوں میں پل کاکرداراداکیا،الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے اردن سے براستہ کرم شیلون کراسنگ اسرائیل، غزہ کیلئے غذائی اجناس پرمشتمل پہلا ٹرک متاثرین غزہ کیلئے روانہ کردیا اس راستے کے ذریعے 24گھنٹے میں امدادی سامان غزہ تک پہنچ جائے گا۔

قبل ازیں نائب صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان محمدعبدالشکورنے اردن کی چیرٹی آرگنائزیشن ہاشمائٹ فاؤنڈیشن کے آفیشلزکے ساتھ مفاہمتی یاداشت پردستخط کئے اور آرگنائزیشن کے وئیرہاؤس کا دورہ کیا۔ الخدمت کے ذمہ داران نے اردن دورے کے دوران ائیرچیف اردن بریگیڈئیرجنرل محمدحیات سے ملاقات میں امدادی سرگرمیوں کے ضمن میں تبادلہ خیال بھی کیا۔